ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / درختوں کیلئے کمیٹی کی منظوری لازمی

درختوں کیلئے کمیٹی کی منظوری لازمی

Sat, 18 Jun 2016 12:53:46  SO Admin   S.O. News Service

 

بنگلورو17؍جون(ایس او نیوز) شہر میں اب حکومت کے مختلف محکموںیا نجی افراد کے ذریعہ درختوں کے کاٹنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ تاکہ غیر ضروری طور پر درختوں کو کاٹنے سے بچایا جاسکے۔ درختوں کی کٹائی کیلئے بی بی ایم پی شعبۂ جنگلات کے ذریعہ ماہرین ماحولیات پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ہر درخت کے کاٹنے کیلئے اس کمیٹی سے منظوری حاصل کرنی لازمی ہے، شہر میں ترقی کے نام پر درختوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ جس کے سبب ماحولیات پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ میٹرو منصوبے کے نام پر بھی ہزاروں درخت زمین بوس کردئے گئے۔جس کے سبب ماہرین ماحولیات نے اس پر روک لگانے کیلئے بی بی ایم پی سے درخواست کی تھی۔ اب ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق درخت کاٹنے کیلئے اس کمیٹی سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ کمیٹی نے آئی آئی ایس سی کے سائنسدان ، ٹی وی رامچندرا، پراجکٹ فاؤنڈیشن کے وجئے نشان ، عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ہرنی ناگیندرا ، ایکوواچ کے اکشئے ہیبلی کر کے علاوہ نتیا نندا ، سدانندا ہیگڈے اور بی ٹی دیورے ، پر مشتمل کمیٹی میں مقامی افراد اور منتخب نمائندے شامل ہیں۔ میٹرو منصوبے یا سڑک کی توسیع کے نام پر کم از کم 50 درختوں کو کاٹنے کیلئے اس کمیٹی کے روبرو تجویز پیش کرنی ضروری ہے۔ جس کے بعد کمیٹی جائے وقوع کا معائنہ کرے گی اورسخت ضرورت پڑنے پر درخت کاٹنے کی اجازت دے گی، اگر اجازت نہ ملی تو درخت کاٹے نہیں جاسکتے۔ شہر میں سڑکوں کی توسیع ، میٹرو پراجکٹ جیسے کئی ترقیاتی کام جاری ہیں، ایسے مراحل میں درختوں کو کاٹنے کیلئے اجازت فراہم کرنے والی کمیٹی کو تشکیل دیا گیا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ اس کمیٹی کے ذریعہ کتنے درخت کاٹنے کی اجازت ملے گی۔ فی الحال میسور روڈ اور کنکاپورہ روڈ پر میٹرو منصوبوں میں رکاوٹ بنے درختوں کی کٹائی کیلئے میٹرو ریل کارپوریشن تیاری میں ہے۔ اس کمیٹی میں موجود اکثراراکین ماہرین ماحولیات ہیں، ایسے میں دیکھنا ہے کہ کمیٹی کے ذریعہ کتنے درختوں کو کاٹنے کی اجازت ملتی ہے۔ 


Share: